تروونت پورم، 21جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے آج کہا کہ وہ کالے دھن کے خلاف سب سے زیادہ سخت کارروائی چاہتی ہے، لیکن نوٹ بندی اس مسئلے کا حل نہیں ہے۔پارٹی نے نوٹ بندی کوبڑی بھول اورمکمل طور تباہ کن قرار دیا۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ماحولیات جے رام رمیش نے کہا کہ نوٹ بندی کا مودی کا فیصلہ اقتصادی نہیں بلکہ سیاسی تھا۔انہوں نے دعوی کیا کہ اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دور اقتدار کے دوران سے زیادہ کالے دھن کو بے نقاب کیا گیا تھا۔کیرالہ ریاستی کانگریس کمیٹی کی جانب سے منعقد ”جن ویدناسملین“سے یہاں خطاب کرتے ہوئے رمیش نے کہا کہ ہم کالے دھن کے خلاف سب سے سخت کارروائی کے حق میں ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ کالا دھن رکھنے والے مجرم پکڑے جائیں،کالا دھن ضبط کیا جائے اور قصورواروں کو جیل بھیجا جائے۔مرکزی حکومت کی نوٹ بندی پالیسی کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں کی جا رہی”جن ویدناکانفرنس“کے تحت اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کالے دھن سے جنگ کے خلاف نہیں ہے اور وہ لوگوں کے اپنے پیسے نکالنے کے حقوق چھینے جانے کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہے۔رمیش نے کہا کہ ہم کالے دھن سے لڑنے والے قوانین کے خلاف نہیں ہیں،ہم کالے دھن کے مسئلے سے لڑیں گے لیکن نوٹ بندی اس کا طریقہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کی پالیسی نے ملک کی معیشت کو برباد کر دیا۔